زینب الرٹ بل خوش آئند ہے: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کا کہنا ہے بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل نے دوروزہ اجلاس میں غور کیا، جنسی زیادتی روکنے کے لیے خصوصی عدالتیں اور خصوصی پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے دو روزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنسی زیادتی روکنے کے لیے خصوصی عدالتیں اور خصوصی پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں، لوکل سطح پر خصوصی سیل بھی قائم کیے جائیں کیونکہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ہورہی ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایازکا کہنا تھا کہ زینب الرٹ بل خوش آئند ہے البتہ ہمیں اس پر تحفظات ہیں، کونسل کا فیصلہ ہے کہ زینب الرٹ بل میں موت کی سزا برقرار رہنی چاہیے جب کہ کونسل نے بل کو زینب کے نام سے موسوم کرنے سے اختلاف کیا ہے، زینب کے نام سے بل متاثرہ خاندان کو ہمیشہ صدمے میں رکھنے کے مترادف ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ عورت مارچ پر اسلامی نظریاتی کونسل نے غور کیا ہے، اس معاملے پر ایک علمی و فکری نشست کا اہتمام کیا جائے گا جب کہ ڈاکٹر اگر تجویز کریں کہ عمرہ و زیارات سے گریز کریں تو سفر کو محدود کیا جانا چاہیے، جہاں وبائی امراض ہوں اس متاثرہ علاقے کے افراد دیگر شہروں میں آنے جانے سے گریز کریں۔

ڈائریکٹر جنرل اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر انعام اللہ نے کہا کہ تعزیر میں بچے کے ساتھ زیادتی کی سزا قتل مقرر کرنا شرعی ہے، زیادتی کی سزا قتل مقرر کرنا مقننہ کا اختیار ہے۔

Spread the love