لاہور پولیس نے ’ٹریول آئی‘ کے نام سے نیا سافٹ ویئر متعارف کرا دیا

لاہور پولیس نے ’ٹریول آئی‘ کے نام سے نیا سافٹ ویئر متعارف کرایا ہے جس کا مقصد شہر کے مختلف اڈوں پر ٹکٹ خریدنے والے مطلوب ملزمان کو پکڑنا اور جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہے۔

پولیس کے مطابق اس سافٹ ویئر کے تحت لاہور کے تمام بس اڈے اور کمپنیاں رجسٹرڈ ہونگیں۔ اس سافٹ ویئر کی مدد سے بس اڈوں سے دوسرے شہروں میں فرار ہونے ملزمان پکڑے جاسکیں گے۔

کسی بھی مقدمہ میں نامزد ملزم اگر کسی بھی بس سروس سے ٹکٹ خرید کر سفر کرے گا تو وہ فوری سافٹ ویئر کے ذریعے پکڑا جائے گا۔

انچارج کنٹرول روم سب انسپکٹر عمیر احمد کے مطابق ہمارے اس سسٹم میں لاہور کے بڑے بس اڈے رجسٹرڈ ہیں جن کے پاس لاگ ان ہیں جو بھی ٹکٹ خریدے گا اسکا ریکارڈ ہمارے پاس آجائے گا۔

سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ہوٹل آئی اور ٹریول آئی سافٹ ویئر میں اب تک پندرہ سو بہتر ہوٹل اور بس اڈے رجسٹرڈ کیے گئے ہیں جن میں رواں سالے کے دوماہ کے دوران اڑتیس ہزار افراد کو چیک کیا گیا جن میں سے چالیس اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سافٹ ویئر سے ہم پولیس کو مطلوب اور عدالتی مفرور افراد کو آسانی سے پکڑ رہے ہیں اور مجرمان کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔

جدید نظام کے ذریعے جہاں خطرناک ملزموں کی گرفتاری میں مدد ملے گی وہیں ریکارڈ یافتہ مجرمان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ممکن ہو گا۔

Spread the love