کنٹینر سے دو کروڑ مالیت کے موبائل فون چوری، ملزمان کی گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں تشکیل

admin

 موبائل فون

بھارت میں چور کنٹینر سے دو کروڑ مالیت کے موبائل فون چرا کر فرار ہوگئے۔

ریاست تلنگانہ کے ضلع میڈک میں نیشنل ہائی وے پر کارگو کنٹینر سے چور 2 کروڑ مالیت کے موبائل فونز چرا کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ 16 ستمبر کو پیش آیا تھا، ٹرک ڈرائیور نے چوری کی شکایت ایک دن بعد درج کروائی۔

ایف آئی آر کے مطابق کنٹینر میں 11 کروڑ روپے کے موبائل فون موجود تھے اور ٹرک ڈرائیور دہلی کے لیے روانہ ہوا تھا۔

تفتیشی افسر کے مطابق ٹرک ڈرائیور دیویندر نے بتایا کہ کنٹینر میں نجی کمپنی کے سیل فون تھے جنہیں لے کر وہ چنئی سے دہلی کے لیے 15 ستمبر کو روانہ ہوا تھا اور راستے میں متعدد فون مالکان کو دے چکا تھا۔

ٹرک ڈرائیور نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ وہ رات کے کھانے کے لیے نیشنل ہائی وے پر رک گیا اور وہیں کنٹینر کھڑا کردیا تھا، کھانے کے بعد جب وہ واپس آیا تو کنٹینر کا دروازہ کھلا ہوا تھا اور موبائل فون موجود نہیں تھے۔

ڈرائیور کے مطابق اس نے پولیس میں شکایت درج کروانے سے قبل مذکورہ کمپنی کو بھی صورتحال آگاہ کردیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

Leave a Comment