کورونا وائرس: لاک ڈاؤن سے متعلق فیس بک نے بڑا اعلان کردیا

سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے لاک ڈاؤن مخالف مواد کو ہٹانے کا اعلان کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسے تمام پیجز، پوسٹس اور تقریبات کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا جائے گا جن میں لاک ڈاؤن ختم کرنے اور اس کے خلاف مظاہروں میں شرکت کا کہا جائے گا۔

فیس بک انتظامیہ کے مطابق اس سے قبل امریکی ریاست کیلیفورنیا، نیوجرسی، مشی گن، میری لینڈ اور نیبراسکا میں ایسی تقریبات کی تشہیر اور پیجز کو ہٹایا ہے جن میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کے متعلق بات کی گئی تھی۔

کرونا وائرس کے حوالے سے جعلی خبروں اور غلط معلومات کے خلاف مہم کے لیے بھی فیس بک کی جانب سے ایک نیا ٹول متعارف کرایا گیا ہے۔

فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارف کرونا وائرس کے حوالے سے کسی غلط معلومات یا جعلی خبر کو لائیک کا کمنٹس کرے گا تو اسے خبردار کیا جائے گا، اگر وہ گزشتہ دنوں بھی ایسا کرچکا ہے تو مواد کو ڈیلیٹ کرنے کے ساتھ اس پر کمنٹس، لائیک یا ری ایکشن کرنے والے افراد کو الرٹ کیا جائے گا۔

فیس بک کی جانب سے ویکسین سے متعلق مواد کو سرچ کرنے والے صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے وہ قابل اعتبار ذرائع جیسے عالمی ادارہ صحت یا دیگر پر جاکر معلومات حاصل کریں۔

Spread the love