ترکی: پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا کی نگرانی سے متعلق نیا بل منظورکرلیا

admin

ترکی کی پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا کی نگرانی سے متعلق نیا بل منظورکرلیا
ترکی کی پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا کی نگرانی سے متعلق نیا بل منظورکرلیا ، بل کی منظوری سے ترک حکومت کو سوشل میڈیا پر کنٹرول کا اختیار مل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کی پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا کی نگرانی کے حوالے سے متعلق بل پاس کردیا، جس کے تحت ترک حکومتی ادارے سوشل میڈیا کی نگرانی کریں گے ۔

نئے قانون کے تحت سوشل میڈیا کے بڑے اداروں جیسے فیس بک اور ٹوئٹر کے لیے ترکی میں اپنے دفاتر کھولنا لازم ہو گا، نئے قانون کی رو سے سوشل میڈیا کمپنیز اپنے نمائندے تعینات کرنے کے پابند ہوں گے جن کے پاس سوشل میڈیا مواد کے حوالے سے شکایات کا اندراج کرایا جا سکے گا۔

قانون کے مطابق اگر سوشل میڈیا کے اداروں نے ایسا نہیں کیا تو اس ادارے پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جب کہ اشتہارت بند کرنے کے علاوہ اس کی بینڈ وڈتھ میں بھی کمی کر دی جائے گی۔

بل میں کہا گیا کہ ہے کہ سوشل میڈیا اداروں کے نمائندے اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ کسی بھی شکایت یا اعتراض پر 48 گھنٹوں میں کارروائی کریں یا وجوہات بتائیں جبکہ اسی طرح اگر کسی سوشل میڈیا ادارے نے 24 گھنٹے کے اندر مطلوبہ مواد اپنے پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ نہ کیا تو اس سے ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری بھی مذکورہ ادارے پر عائد ہو گی۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیز کو مخصوصی مواد پر ترک عدالت کے احکامات ماننے ہوں گے جبکہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر سوشل میڈیا کمپنیز پر بھاری جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔