جنوبی پنجاب کو صوبے کی شکل دینے کیلئے اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا، شاہ محمود

admin

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو صوبے کی شکل دینے کیلئے اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا، بجٹ میں35فیصد فنڈ جنوبی پنجاب کیلئے مختص کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی سربراہی میں جنوبی پنجاب صوبہ پراہم اجلاس ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزرا بھی اجلاس میں شریک ہوئے، چیف سیکریٹری،آئی جی ،جنوبی پنجاب کے وزرابھی شریک ہوئے، وزیراعظم نے پی ٹی آئی منشور کے مطابق سب سے رائے لی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کےعوام کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، آج جنوبی پنجاب کے وعدے کو عملی جامع پہنانے کیلئے مؤثر قدم اٹھایا گیا ہے، جنوبی پنجاب کو صوبے کی شکل دینے کیلئے اسمبلی میں بل پیش کیاجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں سے بھی جنوبی پنجاب صوبہ بل پر مشاورت کی جائے گی، جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومی ختم ہونی چاہیے، جنوبی پنجاب محرومیوں کا علاقہ ہےاس کی محرومیوں کو ختم ہوناچاہئے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں35فیصد فنڈ جنوبی پنجاب کیلئے مختص کریں گے، ماضی میں جنوبی پنجاب سے کئے گئے وعدے وفا نہیں ہوتے تھے، بل کو حتمی شکل دینے اوراعتمادسازی میں کچھ وقت لگے گا، ماضی میں فنڈزکےاستعمال پرجنوبی پنجاب سےکیاوعدہ پورانہیں ہوتاتھا۔

انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی پی ساؤتھ تعینات کئےجائیں گے، جنوبی پنجاب کوصوبہ بنانےکیلئے دوتہائی اکثریت درکار ہے، فی الفور جنوبی پنجاب کےلوگوں کو کیلئے اقدامات کیےجائیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئےسیکریٹریٹ بنانےکابھی فیصلہ ہواہے، جنوبی پنجاب کا مکمل سیکریٹریٹ بننے میں وقت لگے گا اس کیلئے1350ایڈیشنل پوسٹ کیلئے ساڑھے تین ارب روپے درکار ہونگے پنجاب کےجنوبی علاقے ترقی کے لحاظ سے پیچھے اور غربت زیادہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ احساس پروگرام کو بھی جنوبی پنجاب میں عملی جامع پہنایاجائےگا، جنوبی پنجاب کیلئےتاریخی فیصلے پر وزیراعظم عمران خان کاشکریہ اداکرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو پارلیمانی اجلاس بھی طلب کیا ہے، پارلیمانی اجلاس میں دیگرممبران کوبھی اعتمادمیں لیں گے۔