سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے کیسے لی جائے گی گروپ سیلفی؟ ایپل نے یہ پریشانی بھی دور کردی

admin

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سب سے ضروری چیز سماجی فاصلے کو قرار دیا گیا ہے جس کے باعث سب ہی لاک ڈاؤن میں دوستوں کے ساتھ گھومنے پھرنے اور سیلفی لینے کو یاد کر رہے ہیں۔

ایسے میں مقبول ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے ایسا حل تلاش کر لیا ہے جس سے دوستوں کے ساتھ سماجی فاصلہ بھی برقرار رہے گا اور سیلفی بھی لی جا سکے گی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی ورج کے مطابق ایپل کو ایک ایسے سافٹ ویئر کا پیٹینٹ فراہم کیا گیا ہے جس سے وہ مصنوعی طور پر گروپ سیلفی یا پھر اپنے کسی قریبی دوست کے ساتھ سیلفی بنا سکتا ہے۔

یعنی اس سافٹ ویئر کے ذریعے صارف اپنی لی گئی کسی بھی سیلفی کو دوسروں کی سیلفی کے ساتھ ایڈٹ کر سکے گا۔

اس سافٹ ویئر کے تحت نہ صرف فوری طور پر لی جانے والی تصاویر کو سیلفی میں شامل کیا جاسکتا ہے بلکہ ان تصاویر کو بھی ایڈٹ کیا جاسکتا ہے جو پہلے سے آرکائیو میں موجود ہوں یا کوئی اسکرین گریب ہو۔

اس کی خاص بات یہ ہے کہ صرف اس کا اصل صارف ہی گروپ سیلفی میں تبدیلی کر سکے گا جیسے دوسری سیلفی یا اپنی سیلفی کی پوزیشن وغیرہ کو تبدیل کرنا ہو۔

تاہم اب تک کمپنی کی جانب سے اس بات کی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی کہ اس سافٹ وئیر کو کب تک آئی فون، لیپ ٹاپس اور آئی پیڈ میں شامل کیا جائے گا۔