شہر قائد میں رہائشی عمارت زمیں بوس ہونے کا واقعہ، ایس بی سی اے کے 3 افسران گرفتار

admin

پولیس نے شہر قائد میں رہائشی عمارت زمیں بوس ہونے کے واقعے پر ایس بی سی اے کے تین افسران کو اعانت کے جرم میں گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں واقع گلبہار نمبر 2 پھول والی گلی میں جمعرات کے روز رہائشی عمارت کے منہدم ہونے کے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

سانحے میں 27 افراد کی موت کے بعد پولیس حرکت میں آگئی، پولیس نے ایس بی سی اے کے تین افسران کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افسران میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز بھی شامل ہیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مقصود قریشی، بلڈنگ انسپکٹر عرفان علی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں افسران کو اعانت جرم کے الزام میں گرفتاریاں عمل لائی گئیں ہیں، گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

قبل ازیں متاثرین نے ناظم آباد نمبر ایک پر احتجاج کیا اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلڈرز مافیا کے خلاف سخت کارروائی کر کے متاثرین کو معاوضہ ادا کرے۔

مظاہرین کا مؤقف تھا کہ عمارت کی غیرقانونی تعمیر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کی سرپرستی میں ہوئی، اس معاملے کی غیرجانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

احتجاج کرنے والے مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عمارت کا ملبہ ہٹانے کے عمل کو تیز کیا جائے کیونکہ شبہ ہے کہ اب بھی ملبے تلے افراد موجود ہیں۔ پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کر کے انہیں منتشر کیا۔