لوڈ شیڈنگ سے بے حال لوگ اب ہوجائیں خوش، رات کے وقت بجلی پیدا کرنے والا اینٹی سولر پینل تیار

admin

سائنس دانوں نے رات میں بجلی پیدا کرنے والی سولر ٹیکنالوجی ڈھونڈ نکالی
سائنس دان توانائی کی پیداوار کے لیے نت نئے ذریعے ڈھونڈنے میں ہمہ وقت جتے رہتے ہیں، اب سائنس دانوں نے رات کے وقت بجلی پیدا کرنے والے اینٹی سولر پینل تیار کرلیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سائنس دانوں نے رات میں بجلی پیدا کرنے والی سولر ٹیکنالوجی ڈھونڈ نکالی ہے جو رات میں زمین کی گرمی سے بجلی پیدا کرسکے گی۔

سائنس الرٹ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق خصوصی طور پر تیار کیے گئے ایسے پینل جو اپنے اردگرد رات کے وقت زمین سے نکلنے والی معمولی سی ریڈی ایشن کو کھینچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اسی ریڈی ایشن کو بجلی میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سائنس دانوں کے مطابق اس سے رات میں بجلی کو اسٹور کرنے کے اخراجات سے بچا جاسکے گا، اس ٹیکنالوجی سے سورج کی روشنی کی مناسبت سے رات میں ایک چوتھائی بجلی پیدا کی جاسکے گی۔

تحقیق میں شامل ایک سائنس دان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی صاف اور ماحول دوست توانائی کی پیداوار کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

واضح رہے کہ یہ اینٹی سولر پینل خصوصی طور پر ان ممالک کے لیے تیار کیے گئے ہیں جہاں زیادہ دیر تک سورج نہیں نکلتا یا قطب شمالی کے وہ ممالک اس سے استفادہ کرسکیں گے جہاں سال کا آدھا حصہ رات رہتی ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق اس کی مدد سے گاڑیوں سے خارج ہونے والی توانائی کو بھی بجلی بنانے میں استعمال کیا جاسکے گا۔