واٹس ایپ کا ڈیسک ٹاپ ورژن، فنگرپرنٹ کی مدد سے لاگ ان کی سہولت متعارف

admin

واٹس ایپ کا ڈیسک ٹاپ ورژن

بہت جلد آپ واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں صرف اپنے فنگرپرنٹ کی مدد سے لاگ ان ہوسکیں گے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ فیس بک کی زیرملکیت کمپنی کی جانب سے نئی اینڈرائیڈ بیٹا ایپ میں فنگر پرنٹ لاگ ان سسٹم پر کام کیا گیا ہے۔

یہ فیچر کیو آر کوڈ انٹرفیس سے ملتا جلتا ہے جو اس وقت صارفین واٹس ایپ کے ویب ورژن میں لاگ ان کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

مگر یہ نیا فیچر کیو آر کوڈ کے مقابلے میں سہولت فراہم کرے گا خاص طور پر ان افراد کے لیے جو واٹس ایپ ویب کو اکثر استعمال کرتے ہیں۔

اس فیچر کی بدولت انہیں بار بار فون اٹھا کر اپنے کیمرے سے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

تاہہم ویب ورژن میں سائن ان ہونے کے لیے فون ضرور استعمال کرنا ہوگا مگر کوڈ اسکیننگ کی بجائے فنگرپرنٹ سے کام چل جائے گا۔

یہ زیادہ محفوظ بھی ہے کیونکہ کیو آر کوڈ اسکیننگ کو کوئی بھی اس وقت استعمال کرسکتا ہے جب آپ کا فون اس کے ہاتھ میں ہو۔

کچھ عرصے پہلے یہ افواہیں سامنے آئی تھیں کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک اپ ڈیٹ پر کام کیا جارہا ہے تاکہ صارفین ویب ایپ کو فون کے بغیر استعمال کرسکیں۔

تاہم اس فیچر پر بظاہر ابھی تک کوئی خاص پیشرفت نہیں ہوسکی جبکہ کمپنی کی جانب سے ایک اور فیچر پر بھی کام کیا جارہا ہے جو صارفین کو ایک اکاؤنٹ کئی ڈیوائسز میں بیک وقت استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

Leave a Comment