ٹک ٹاک ایپ کے ستارے منڈلانے لگے، امریکہ نے بھی اہم اعلان جاری کردیا

admin

مشہور ویڈیو ایپ ٹک ٹوک
امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک سمیت دیگر چینی ایپس پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پابندی کی زد میں مشہور ویڈیو ایپ ٹک ٹوک ایپ بھی آئے گی۔ امریکہ میں 2020 کے پہلے تین ماہ میں 315 ملین افراد نے ٹک ٹاک ایپ ڈاؤن لوڈ کی تھی۔

امریکہ کے قانون سازوں نے صارفین کی جانب سے ٹک ٹوک استعمال پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چینی قوانین کے بارے میں پریشان ہیں جن کے تحت نجی کمپنیاں کو وہاں کی خفیہ ایجنسیوں کیساتھ تعاون کرنا پڑتا ہے۔

قبل ازیں امریکی کی بحری فوج میں سرکاری موبائل فون رکھنے والے افسران کو ٹک ٹاک کے استعمال سے روک دیا گیا تھا۔

سائبرحملے کے خطرے کی وجہ سے فوجی افسران یا اہلکار جو حکومت کی جانب سے دیا گیا موبائل فون استعمال کرتے ہیں ان کو ویڈیو ایپ ٹک ٹاک استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

امریکہ کی فوج کو خدشہ ہے کہ ایپلیکیشن ٹک ٹاک کی مالک کمپنی مسائل کھڑے کر سکتی ہے۔ مذکورہ کمپنی کی جانب سے مشکوک سرگرمیوں کے اگرچہ فی الحال کوئی شواہد نہیں ہیں لیکن مستقبل میں ہوسکتا ہے کہ یہ کمپنی چین کی حکومت کو فوجیوں کی ایسی معلومات فراہم کرے جو جاسوس بھرتی کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاک نے گزشتہ برس امریکہ سے 6 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کمائی کی تھی اور یہ دنیا میں ڈاؤن لوڈ ہونے والی تیسری بڑی ایپ ہے۔

چین میں بنائی جانے والی اس ویڈیو ایپ کو دنیا بھر میں اب تک ایک ارب 50 کروڑ سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے اور یہ دنیا کی مقبول ترین ایپ میں شامل ہے۔