کورونا وائرس کو چالیس سیکنڈ میں ہلاک کرنے والا بوتھ ہانگ کانگ ایئرپورٹ پر نصب

admin

ہانگ کانگ کی انتظامیہ نے چالیس سیکنڈ میں کرونا سمیت ہر قسم کے وائرس کو ہلاک کرنے والا بوتھ آزمائشی بنیادوں پر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نصب کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہانگ کانگ نے آزمائشی بنیادوں پر کرونا سمیت تمام وائرس کو چالیس سیکنڈ میں ختم کرنے والے بوتھ ایئرپورٹ پر نصب کیے ہیں۔

انتظامیہ نے ہدایت کی کہ ایئرپورٹ آنے والے تمام مسافر اور دیگر افراد بوتھ میں سے گزر کر ہی ہوائی اڈے کی حدود میں داخل ہوں۔ ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ بوتھ کرونا یا کسی بھی وائرس سے متاثر ہونے والوں کے جسم میں‌ موجود وائرس کو ہلاک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بوتھ میں داخل ہونے سے قبل خود کار طریقے سے درجہ حرارت چیک ہوگا جس کے بعد اندر نینو نیڈلز (چھوٹی سوئیاں) 40 سیکنڈ میں انسانی کھال پر جراثیم کش محلول کا اسپرے کریں گی جس کے بعد جسم پر موجود ہر قسم کے وائرس کا اثر ختم ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق یہ بوتھ ایئرپورٹس پر نصب کرنے سے پہلے اسپتالوں میں ہیلتھ ورکرز کے لیے استعمال کیے جارہے تھے۔

اس ضمن میں ائیرپورٹ ترجمان کا کہنا ہے کہ بوتھ کا اندرونی حصہ اینٹی مائیکروبائل کوٹنگ سے بنایا گیا ہے جو انسانی جلد اور کپڑوں پر موجود وائرس اور بیکٹریا سمیت تمام جراثیموں کو نینو نیڈلز کی مدد سے ہلاک کردینے کی خاصیت رکھتا ہے، اس کے علاوہ بوتھ میں داخل ہونے والے شخص پر سینی ٹائزنگ اسپرے بھی کیا جاتا ہے۔