کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ، پاک افغان بارڈر بارہویں روز بھی بند

admin

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر پاک افغان بارڈر آج بارہویں روز بھی بند ہے جس کی وجہ سے آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق سرحد پر ہر قسم کا دوطرفہ آمدورفت معطل جبکہ کسٹم ہاؤس اور ایف آئی اے دفاتر بند ہیں۔

حکام نے بتایا کہ سرحد کی بندش سے نیٹو سپلائی، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور سینٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان سے فریش فروٹ اور سبزی جات کی افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کو برآمد بھی معطل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وسط ایشیائی ممالک کو سبزیوں اور فریش فروٹ کی ایسکپورٹ معطلی سے تاجروں کو روزانہ کی بنیاد پر نقصانات ہورہے ہیں۔

یو این ایچ سی آر کے مطابق باب دوستی بندش میں توسیع اور افغان مہاجرین کی رضاکارانہ طور پر واپسی بھی تعطل کا شکار ہے۔

حکام نے بتایا کہ باب دوستی کھلنے کی صورت میں افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کا آپریشن شروع کیا جائے گا۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد کھلنے کے بعد بھی اسکریننگ کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔