وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہو گا

admin

وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا، جس میں کروناسے بچاؤ کیلئے ایمرجنسی نافذ کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کیخلاف لائحہ عمل کی تیاری کے لئے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس آج شام وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

اجلاس میں شرکت کے لئے وزرائے اعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا، مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ وزیرداخلہ اعجاز شاہ ، وزیر قانون فروغ نسیم ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کروناوائرس سےمتعلق قومی لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور کرونا سے نمٹنے کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کرونا سے بچاؤ کیلئے ایمرجنسی نافذ کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ اور بارڈرز مینجمنٹ سے متعلق بھی فیصلہ ہوگا۔
گذشتہ روز پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس پر کنٹرول کی کوششوں پر بات ہوئی تھی۔

آرمی چیف نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں تیاریاں تیز کرنے کی ہدائیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا کی روک تھام کیلئے قومی سطح پر اقدامات اور تیاریاں کی جائیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا، جس میں عوامی مسائل کےفوری حل کے لئے نیشنل پالیسی پرمشاورت کی گئی اور کروناوائرس کے مزید پھیلاؤ سے بچاؤ کے لئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کےدوران بلوچستان سے منسلک بارڈر بند کرنے کی تجویز دی گئی اور کہا گیا بلوچستان سے منسلک بارڈر پر شدید خطرہ ہے، مکمل سیل کردیا جائے۔

خیال رہے واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ۔