وزیراعظم کا بڑا اقدام، 20 ہزار گھروں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

admin

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی آرہی ہے شرح سود بھی کم کی جائے گی۔

اسلام آباد میں 20ہزار گھروں کی تعمیر کے7منصوبوں کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں تنقید کی جاتی ہے کہ 50 لاکھ گھر کہاں ہیں؟ 20 ہزار گھروں کا سنگ بنیاد صرف آغاز ہے آئندہ پانچ برسوں میں 50 لاکھ گھر بنائیں گے۔

یہ ہدف حاصل کرنے کے لیے ڈیڑھ سال منصوبہ بندی کی گئی۔ حکومت کےپاس پچاس لاکھ گھربنانےکاپیسہ نہیں تھا،یہ کام نجی شعبہ کرے گا اور حکومت معاونت فراہم کری گی۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے اور ان کے کام میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گے۔ گھر بنانے کے لیے بینکوں کے ذریعے فنانسنگ کی سہولت دی جائے گی۔ تنخواہ دار طبقے کے لیے فنانسنگ کا نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ طبقہ بھی اب گھر بنانے کی امید کر سکےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح سود زیادہ ہونے کا احساس ہے تاہم مہنگائی اور افراط زر کے لیے شرح کو اس سطح پر رکھنا ضروری تھا۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مہنگائی کم ہورہی ہے اس لیے اب شرح سود بھی کم کی جائے گی جس کے بعد آسانی سے قرضے حاصل کیے جاسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں عورت مارچ ہوا جس میں ایک ہی ملک میں مختلف کلچر نظر آئے۔ اس کا تعلق تعلیمی نظام سے ہے۔ الگ الگ نصاب سے مختلف کلچر بنتے ہیں۔ اگلےسال تک تمام اسکولوں اور مدارس میں یکساں نصاب لائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ منصوبہ بندی کے بغیر شہروں کےپھیلاؤ سےمسائل پیداہورہےہیں۔ شہروں کےوسط میں کچی آبادیاں ہیں، ان کیلیے بھی منصوبے لارہےہیں۔بڑے شہروں کے ارد گرد گرین ایریاز بنائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نچلے طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اخوت فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ ہیلتھ کارڈکےبعداگلا قدم اسپتالوں کے نظام میں بہتری لانا ہوگا۔