بچوں میں مطالعے کی عادت ڈالنے کیلیے گوگل ایپ متعارف

admin

نٹرنیٹ کی دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے بچوں میں مطالعے کی عادت کو پروان چڑھانے اور پڑھنے میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ایک ایپ متعارف کرائی ہے۔

بچے عمومی طور پر مطالعے سے جلد ہی اکتا جاتے ہیں ایسے میں بہت ضروری ہے کہ کم عمری سے ہی بچوں میں مطالعے کی عادت پیدا کی جائے۔ اس ضرورت کو انٹرنیٹ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ گوگل نے بھی محسوس کیا اور موجودہ لاک ڈاؤن کو طلبا کے لیے مفید بنانے کے لیے ایک نئی ایپلی کیشن ’’ Read Along‘‘ متعارف کرادی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن جاری ہے، تعلیمی ادارے بند ہیں اور طلبا گھر تک محدود ہوگئے ہیں ایسے میں انٹرنیٹ کا استعمال بڑھ گیا ہے اس لیے گوگل نے بچوں کو مطالعے کی جانب راغب کرنے کے لیے یہ ایپ متعارف کرائی ہے۔

اس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ دوسرے ممالک کے بچوں کو انگریزی زبان سکھانے میں بھی مدد دیتی ہے۔ بھارت میں یہ ایپ بولو کے نام سے متعارف کرائی گئی تھی تاہم ہندی اور انگریزی کے بعد اب یہ نو زبانوں میں دستیاب ہے جس میں اردو بھی شامل ہے۔

ابتدائی طور پر اس ایپ کو 5 سال سے 12 سال کے بچوں کے لیے پیش کیا گیا ہے، اس میں ایک ایسی ڈیوائس بھی موجود ہے جو بچوں کے پڑھے گئے اقتباسات کو نہ صرف دہراتی ہے بلکہ ہجے بھی درست کرکے بتاتی ہے۔

دنیا بھر میں 180 ممالک میں کار آمد اس ایپ کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اسے انسٹال کرنے کے بعد آف لائن بھی استعمال کی جاسکتا ہے۔ اس طرح بچے لاک ڈاؤن کے دوران کھیل ہی کھیل میں نہ صرف انگریزی زبان سیکھ سکتے ہیں بلکہ اپنی ’ریڈنگ اسکلز‘ میں بھی اضافہ کرسکتے ہیں۔