سماجی دوری کو فروغ دینے کے لیے واٹس ایپ کے نئے اسٹیکرز

admin

دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ اپلیکشن واٹس ایپ نے اپنے 2 ارب سے زائد صارفین میں کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک اور فیچر پیش کردیا ہے۔

اس ایپ میں نئے اسٹیکرز کا اضافہ کیا گیا ہے جن کو ٹوگیدر ایٹ ہوم کا نام دیا گیا ہے۔

یہ اپ ڈیٹ کمپنی کے اس مہم کا حصہ ہے جس کے تحت غلط اطلاعات کی بجائے صارفین تک مستند اور مددگار اپ ڈیٹس فراہم کرنا ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق وہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ساتھ مل کر یہ اسٹیکرز متعارف کرارہی ہے جو 10 زبانوں میں دستیاب ہوں گے۔

ان اسٹیکرز میں ہاتھوں کو دھونے، گھر سے کام اور سماجی دوری کے دیگر اقدامات کو اپنانے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

یہ اپ ڈیٹ اس وقت کی گئی ہے جب انسٹاگرام کی جانب سے ایک مقبول اسٹے ہوم اسٹیکر متعارف کرایا گیا جبکہ فیس بک اور میسنجر میں نئے کیئر ری ایکشنز کا اضافہ ہورہا ہے۔

فیس بک کی جانب سے گزشتہ دنوں کہا گیا تھا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کے دوران لوگوں کو گھروں میں محدود کرنے سے میسجنگ ایپس کے استعمال کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے وبا کے حوالے سے غلط خبروں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کئی فیچرز حالیہ دنوں میں متعارف کرائے گئے۔

اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں واٹس ایپ میں بہت زیادہ فارورڈ ہونے والے پیغامات کے حوالے سے پابندی کو مزید سخت کیا گیا تھا تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے پھیلنے والی غلط فہمیوں کی روک تھام کی جاسکے۔

کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اگر کسی صارف کو بہت زیادہ فارورڈ ہونے والا میسج، یعنی ایسا میسج جو 5 بار سے زیادہ فارورڈ ہوچکا ہو، تو اس نئی پابندی کے تحت صارف اسے آگے مزید 5 چیٹس کی بجائے صرف ایک چیٹ کو فارورڈ کرسکے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال واٹس ایپ کی جانب سے ایک میسج 5 انفرادی چیٹس تک بھیجنے کی پابندی عائد کی تھی۔

واٹس ایپ نے اپنی ویب سائٹ پر کورونا وائرس سے متعلق مستند معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے واٹس ایپ کورونا وائرس کا پیچ متعارف کرایا، جہاں پر لوگوں کو دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی وبا سے متعلق درست معلومات تک رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائے گئے کورونا وائرس کی معلومات کے فیچر کو نہ صرف صحت سے متعلق عالمی اداروں کے تعاون سے پیش کیا گیا ہے بلکہ اس فیچر میں درست معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے میسیجنگ ایپلی کیشن نے متعدد فیکٹ چیکر اداروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ کے کروڑوں صارفین کو درست معلومات کی فراہمی کے لیے عالمی ادارہ صحت نے بھی ایک ہیلتھ الرٹ یا چیٹ بوٹ متعارف کرایا ہے جو اعدادوشمار، مختلف سوالات کے جواب اور دیگر معلومات فراہم کرتا ہے۔

اس مقصد کے لیے +41 79 893 1892 کو فون کانٹیکٹ میں سیو کرکے اس پر hi کا مسیج کردیں، آپ کے سامنے مینیو کھل جائے، جس میں مختلف ایموجیز کے ذریعے مطلوبہ معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔