جنوبی پنجاب کے عوامی نمایندے اپنی قیادت پر دباؤ ڈالیں، شاہ محمود قریشی

admin

admin

جنوبی پنجاب کے عوامی نمایندے اپنی قیادت پر دباؤ ڈالیں، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو وہی حقوق ملیں گے جو دیگر صوبوں کو ملتے ہیں، اس سلسلے میں ہمیں فی الفور اے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی تعیناتی کرنا ہوگی۔

نجی ٹی وی سے  گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ماضی میں صوبے کے مطالبے کی حمایت کرتی رہی ہیں، جنوبی پنجاب کے عوامی نمایندے اس حوالے سے اپنی قیادت پر دباؤ ڈالیں، خواہ ان کا تعلق پی پی سے ہو یا ن لیگ سے، تاکہ اس علاقے کا دیرینہ مسئلہ حل ہو۔

انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا ایک حصہ بہاولپور اور دوسرا ملتان میں ہوگا، یہ یکم جولائی سے فکشن کرنا شروع کر دے گا، سیاسی حمایت کے لیے مشاورت کا عمل بھی ساتھ ساتھ جاری رہے گا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی تعیناتی اپریل میں ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں بڑا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی جانب پہلا قدم اٹھاتے انتظامی سیکریٹریٹ بہاولپور میں قائم کرنے کا اعلان کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے تاریخی فیصلے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ رشتے کو مضبوط کیا جائے گا، ہم علاقے کے احساس محرومی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

Latest articles